چیف منسٹر سپیشل ہیلتھ سکریننگ کیمپ حکومت پنجاب کا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی فروغِ صحت پروگرام کے تحت تین روزہ چیف منسٹر سپیشل ہیلتھ سکریننگ کیمپ کا آغاز کر دیا گیا۔ کیمپ کا افتتاح مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر، ایم ایس ڈاکٹر محمد زاہد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

افتتاح کے بعد مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ہیلتھ سکریننگ کیمپ کے مختلف کاؤنٹرز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، بیماریوں کی تشخیص، علاج معالجہ اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کیمپ میں کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مرد و خواتین کے لیے مزید کاؤنٹرز قائم کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ چیف منسٹر سپیشل ہیلتھ سکریننگ کیمپ حکومت پنجاب کا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس کا مقصد عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور بیماریوں کی بروقت تشخیص و علاج کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فروغِ صحت پروگرام کے تحت عوامی ریلیف کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

بعد ازاں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے جہلم میں قائم جدید کیتھ لیب کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اینجیوگرافی کے عمل کا جائزہ لیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔

انہوں نے جدید طبی آلات، طبی سہولیات اور ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صحت کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button