مرکزی علماء کونسل پاکستان کی غزہ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت

جہلم: مرکزی علماء کونسل پاکستان نے قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر بمباری کے دوبارہ آغاز کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس وحشیانہ کارروائی کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینی شہریوں کو بھاری جانی و مالی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی سمیت مرکزی علماء کونسل کے تمام عہدیداران نے ایک مشترکہ بیان میں اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
علماء کونسل نے کہا کہ قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں، خواتین، بچوں اور عام شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ ایسے حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں جن کی عالمی سطح پر مذمت اور روک تھام ضروری ہے۔
بیان میں عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے ان حملوں کو رکوانے کے لیے ہنگامی اور عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ غزہ کے مظلوم عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
مرکزی علماء کونسل نے اپنے بیان میں کہا کہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر فلسطینی عوام کی آواز بننا ہوگا اور ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر مؤثر آواز بلند کرنی چاہیے۔



