دارالعلوم جمال الکرم میں فرسٹ ایڈ ٹریننگ، نوجوانوں کو ہنگامی امداد کی تربیت دی گئی

سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقے بڑاگواہ میں واقع دارالعلوم جمال الکرم میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے کمیونٹی سیفٹی اینڈ ٹریننگ ونگ کے زیر اہتمام ایک روزہ فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔
اس تربیتی سیشن کا انعقاد انچارج کامران علی کی نگرانی میں کیا گیا، جس میں مدرسے کے طلبہ اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ ٹریننگ کے دوران شرکاء کو سی پی آر (دل اور پھیپھڑوں کی بحالی) اور بلیڈنگ کنٹرول (شدید خون بہنے کو روکنے) جیسے اہم عملی طریقے سکھائے گئے۔
ریسکیو رضاکاروں نے بھی ٹریننگ میں حصہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں ایک محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر انچارج کامران علی نے سیکرٹری و بانی پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کے ویژن اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ شہری، خصوصاً نوجوان، فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کریں اور ہنگامی حالات میں حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر انسانی جانیں بچانے میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اپنے علاقوں میں کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کا حصہ بنیں، ممکنہ خطرات کی نشاندہی کریں اور ان کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھائیں تاکہ ایک محفوظ اور ذمہ دار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔



