نگہبان رمضان پروگرام؛ رجسٹریشن کاؤنٹرز کی کمی ، ایپ سست روی کا شکار، سائلین کو مشکلات کا سامنا

جہلم: حکومت پنجاب کے نگہبان رمضان پروگرام کے تحت مستحق افراد کو رمضان المبارک میں امدادی پیکیج فراہم کرنے کی رجسٹریشن کا عمل شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔

میونسپل کمیٹیوں اور یونین کونسلز میں قائم رجسٹریشن کاؤنٹرز کی کمی، ناتجربہ کار عملے کی تعیناتی، نیٹ ورک مسائل اور ایپ کی سست روی کے باعث رجسٹریشن کا عمل انتہائی سست رفتار ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کاؤنٹرز کی کمی کی وجہ سے صبح سے شام تک خواتین کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں، لیکن چند افراد ہی رجسٹریشن کروا پاتے ہیں۔ نیٹ ورک کے مسائل اور ایپ کی سست روی کی وجہ سے رجسٹریشن کا عمل مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ یونین کونسل کی سطح پر عملہ ناتجربہ کار ہونے کی وجہ سے سائلین کو مطلوبہ رہنمائی اور سہولت فراہم نہیں کی جا رہی۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رجسٹریشن کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ان کے مطابق یونین کونسلز میں قائم رجسٹریشن سینٹرز کو بڑی آبادیوں اور قریبی دیہات کی سہولت کے لیے مقامی سطح پر منتقل کیا جائے۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن کے عمل کو رمضان المبارک کے اختتام تک جاری رکھنے کی اپیل بھی کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد امدادی پیکیج کے لیے رجسٹریشن کروا سکیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شروع کیے گئے اس پروگرام کو شفاف اور موثر بنانے کے لیے رجسٹریشن مراکز کی تعداد بڑھائی جائے اور عملے کو مناسب تربیت دی جائے۔ نیٹ ورک اور ایپ کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ مستحق افراد کو کسی پریشانی کے بغیر رجسٹریشن کا موقع مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button