جہلم میں سورج سوا نیزے پر، گرمی کا پارہ ہائی، پارہ 44ڈگری سے تجاوزکرگیا

جہلم شہر میں سورج سوا نیزے پر، گرمی کا پارہ ہائی، پارہ44ڈگری سے تجاوزکرگیا۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بازار سنسان ہو گئے جبکہ ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا،شہریوں نے پیاس بجھانے کے لئے قدرتی اجزا سے تیار کردہ مشروبات کی دکانوں اور ریڑھیوں کا رخ کرلیا ، کہیں لیموں پانی،کہیں فالسے تو کہیں گنے کے شربت سے شہری گرمی بھگارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت گردونواح میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ گرمی میں گھروں سے باہر نکلنے والی فیملیزبھی گرم موسم سے بچنے کے لئے مشروبات کا استعمال کرتی نظر آتی ہیں۔

روزبروز بڑھتی ہوئی گرمی سے شہری نڈھال ہوگئے جس کے باعث مختلف اقسام کے مشروبات کی مانگ بھی بڑھ گئی۔گرم موسم میں جسم کے درجہ حرارت کو معتدل رکھنے کیلئے مشروبات اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے شہریوں نے مختلف اقسام کے مشروبات کو ترجیح دینا شروع کر دی۔فالسے ،املی آلو بخارے ، گنے سمیت دیگر مشروبات کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے۔

شہریوں نے مشروبات کو گرمی کا توڑ قرار دیا اور کہا کہ ٹھنڈے ٹھار مشروبات کے استعمال سے گرمی کو بھگانے میں مدد ملتی ہے۔

دوسری جانب طبی ماہرین نے کہا ہے کہ ٹھنڈے مشروبات ہی دل و دماغ کے لئے فرحت بخش ہے اور قدرتی اجزا سے تیار کردہ مشروبات گرمی اور لو سے بچائو میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ کیمیکل سے بنائے گئے شربت کے استعمال سے پرہیزکریں تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button