اسسٹنٹ کمشنر دینہ کی گیس سلنڈرز کے زائد نرخوں پر کریک ڈاؤن، متعدد دکانیں سیل

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع بھر میں گراں فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے مختلف علاقوں میں پرائس کنٹرول سرگرمیوں کے دوران گیس سلنڈرز کی زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا۔
چیکنگ کے دوران متعدد دکاندار سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر گیس سلنڈرز فروخت کرتے ہوئے پائے گئے۔ اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کئی دکانوں کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد نے دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی کہ اوور پرائسنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری نرخ نامے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو بھی ہدایت کی کہ فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے ناجائز منافع خوروں پر کڑی نظر رکھی جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی واضح ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے پرائس کنٹرول کی یہ کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



