دینہ میں پولیس کا پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 بھکاری گرفتار

دینہ میں پولیس نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 بھکاریوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ گرفتار ملزمان شہر کے مختلف مقامات پر زبردستی بھیک مانگ کر عوام کے لیے مشکلات پیدا کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ احسان شاہ اور ان کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی۔ دورانِ کارروائی 10 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں ابراہیم، شوکت، عبداللہ، وزیراں مائی، کرن، رقیہ بی بی، ممتاز، تاجاں بی بی، صائمہ بی بی اور حیدر علی شامل ہیں۔
پیشہ ور بھکاری مین بازار دینہ، منگلا روڈ، ریلوے روڈ اور جی ٹی روڈ سمیت دیگر اہم مقامات پر بھیک مانگنے میں مصروف تھے۔ یہ افراد زبردستی بھیک مانگ کر عوام الناس کے لیے خلل کا باعث بن رہے تھے۔
پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف ویگرینسی ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور ایسے عناصر کے خاتمے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ عوام کو ان عناصر کی پریشانیوں سے نجات دلائی جا سکے۔



