نہر اپر جہلم میں کار گرنے کا واقعہ، جہلم کی معصوم عنابیہ کی لاش 8 روز بعد رسول بیراج سے مل گئی

جہلم: نہر اپر جہلم میں کار گرنے کا واقعہ، جہلم کی 6 ماہ کی معصوم عنابیہ کی لاش 8 روز بعد رسول بیراج سے مل گئی، لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے علاقے رسول بیراج کے قریب نہر اپر جہلم میں کار گرنے کے افسوسناک واقعے میں لاپتہ ہونے والی جہلم کی رہائشی چھ ماہ کی بچی عنابیہ خالد کی لاش آٹھ روز بعد رسول بیراج سے برآمد کر لی گئی ہے، جس کے بعد حادثے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔
@jhelumupdates نہر اپر جہلم میں کار گرنے کا واقعہ، جہلم کی 6 ماہ کی معصوم عنابیہ مل گئی #JhelumUpdates #Latestnews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates
ریسکیو حکام کے مطابق 14 مئی کو پیش آنے والے اس دلخراش واقعے میں جہلم کی رہائشی ایک ہی فیملی کے افراد پر مشتمل کار ٹائر پھٹنے کے بعد بے قابو ہو کر نہر میں جاگری تھی۔ حادثے کے نتیجے میں چار خواتین اور چھ ماہ کی عنابیہ خالد ڈوب کر جاں بحق ہو گئی تھی جبکہ ایک خاتون کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں خواتین کی لاشیں حادثے کے روز ہی نکال لی گئی تھیں، تاہم چھ ماہ کی بچی عنابیہ کی تلاش آٹھ روز تک جاری رہی، جو بالآخر رسول بیراج سے برآمد ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش سوج چکی ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے واقعے کے فوراً بعد سرچ آپریشن کا آغاز کیا تھا جو مسلسل کئی دنوں تک جاری رہا۔ جاں بحق ہونے والی بچی اور خواتین کا تعلق جہلم کے علاقے شمالی محلہ سے ہے۔
یاد رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی فیملی ایک قریبی عزیز کی وفات پر رسول گاؤں جا رہی تھی کہ یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا تھا۔



