جہلم میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لیموں عوام کی پہنچ سے دور

جہلم: گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لیموں عوام کی پہنچ سے دور، موسم گرما کے آنے سے جہاں دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں کو چھو رہی ہیں وہیں پرآڑھتیوں نے لیموں کو بھی عوام کی پہنچ سے کوسوں میل دور کردیاہے، گرمیوں کا آسان اور ستا توڑ لیموں مہنگا ہو گیا۔
گزشتہ چند روز کے دوران لیموں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ سامنے آیا ہے جس کے بعد مارکیٹ میں ایک کلو لیموں 480 کے بجائے 700 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ دوسری جانب پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور مارکیٹ کمیٹی کے ذمہ داران کی عدم توجہی کی وجہ سے لیموں او ر بڑے گوشت کی قیمت برابر ہو گئی ہے، لیکن متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
واضح رہے کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے لیموں پانی کا استعمال بڑھ جاتا ہے جبکہ انتظامیہ لیموں کی قیمتیں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام نظر آرہی ہے۔
صارفین نے ڈپٹی کمشنر ، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی اور مہنگائی کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری نرخوں پر لیموں کی فروخت کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد لیموں پانی کا استعمال کر سکیں ۔



