سول ڈیفنس غیر فعال، ضلع جہلم کے سرکاری اور نجی اداروں میں آگ بجھانے کے آلات کی کمی

جہلم: ضلع جہلم میں محکمہ سول ڈیفنس کی غیر فعال کارکردگی کی وجہ سے شہر سمیت ضلع بھر کے سرکاری اور نجی اداروں میں آگ بجھانے والے آلات کی کمی ہو گئی ہے۔ اس صورتحال کا عملی مظاہرہ گزشتہ روز اس وقت دیکھنے کو ملا جب جی ٹی روڈ پر واقع ایک ہوٹل کے قریب کروڑوں روپے مالیتی گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور ضلع بھر کے مختلف سرکاری و نجی اداروں میں آگ پر قابو پانے کے لیے ضروری آلات رکھنے کی پابندی کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال کا نتیجہ اس وقت سامنے آیا جب ہوٹل اور پٹرول پمپ کے قریب گاڑی میں آگ لگ گئی، لیکن آگ بجھانے کے کسی بھی آلے کی عدم دستیابی کی وجہ سے گاڑی چند لمحوں میں مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئی۔
شہریوں نے اس واقعہ کے بعد کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس سے فوری نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع بھر کے سرکاری و نجی اداروں میں آگ بجھانے کے آلات کی کمی اور حادثات کی صورت میں متبادل راستوں کی فراہمی کے حوالے سے سخت اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ کاروباری مراکز، نجی اسپتالوں، اسکولوں، ہوٹلوں، میرج ہالز، مارکیز اور میرج گارڈنز میں حادثات کی صورت میں فوری امدادی اقدامات اور متبادل راستے فراہم کرنے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔



