منگلا ڈیم میں پانی کی سطح معمول کے مطابق، کسی بڑے سیلابی ریلے کا خطرہ نہیں، ضلعی انتظامیہ جہلم

جہلم:ضلعی انتظامیہ جہلم کا کہنا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے باوجود منگلا ڈیم کی صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے اور کسی بڑے سیلابی ریلے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور ضلعی انتظامیہ کی فراہم کردہ مصدقہ معلومات پر ہی انحصار کریں۔
انتظایہ کے مطابق منگلا ڈیم میں اس وقت پانی کی سطح 1186 فٹ ہے جبکہ ڈیم میں مجموعی طور پر 1242 فٹ تک پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش موجود ہے، جو کہ خطرے کی سطح سے کافی کم ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی بھی بڑے ریلے یا ہنگامی انخلا کی ضرورت نہیں ہے۔
انتظامیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ضلعی حکام منگلا ڈیم کی صورتحال اور موسمی تغیرات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا یا غیر مصدقہ ذرائع سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر دھیان نہ دیں اور اگر کسی کو معلومات درکار ہوں تو متعلقہ سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جیسے ہی کوئی نئی صورتحال پیدا ہو گی، بروقت آگاہ کیا جائے گا۔



