جہلم میں چینی کی قیمت 220 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، انتظامیہ بے بس، عوام پریشان

جہلم میں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور متعدد علاقوں میں چینی 200 سے 220 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ ضلع بھر میں چینی کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہوتی جا رہی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ مبینہ طور پر چینی مافیا کے سامنے بے بس دکھائی دے رہی ہے۔
جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں دکانداروں نے خود ساختہ طور پر چینی کی قیمتوں میں اضافہ کر رکھا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ پر چینی دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
چینی کا سرکاری نرخ 179 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن اس نرخ پر چینی کہیں دستیاب نہیں۔ دور دراز محلوں میں صورتحال مزید خراب ہے جہاں انتظامیہ کی جانب سے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔



