سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین رکنی بینچ نے پی ٹی سی ایل پنشنرز کے حق میں فیصلہ سنادیا

جہلم: سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین رکنی بینچ نے ٹی اینڈ ٹی/پی ٹی سی ایل کے سابق ملازمین کے پنشن کیس پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی سی ایل پنشنرز کو بڑا ریلیف دے دیا۔
عدالت نے پی ٹی سی ایل کو حکم دیا ہے کہ 90 روز کے اندر اندر بقایا جات کی ادائیگی کا شیڈول مرتب کیا جائے اور سابق ملازمین کو پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 200 سے زائد اپیلوں پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ بینچ کے دو معزز ججز، چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس یحییٰ آفریدی اور مسٹر جسٹس امین الدین نے پی ٹی سی ایل کے سابق ملازمین کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ مسٹر جسٹس عائشہ نے اس فیصلے سے اختلاف کیا۔
عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ جن سابق ملازمین نے وی ایس ایس (رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم) حاصل کی، وہ پنشن کے حقدار نہیں ہوں گے۔ تاہم دیگر تمام اہل ریٹائرڈ ملازمین کو وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق پنشن اور واجبات ادا کیے جائیں گے۔
فیصلے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ادائیگیوں کا عمل شفاف، منصفانہ اور مؤثر ہونا چاہیے تاکہ برسوں سے درپیش مطالبات کا مناسب اور بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ اس فیصلے کو ہزاروں پنشنرز نے خوش آئند قرار دیا ہے اور اسے انصاف کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔



