جہلم میں سیوریج کے مسائل کے مستقل حل کیلئے 50 سالہ جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کے ہمراہ پیرا غیب کے مقام پر قائم ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے انہیں جہلم شہر کے سیوریج سسٹم کے مسائل اور ان کے حل کے لیے تیار کیے گئے ماسٹر پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ جہلم شہر کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج سسٹم کا ہے جو روزمرہ کے حالات میں 24 گھنٹے کام کرنا چاہیے تاکہ گندے پانی کی نکاسی ممکن ہو سکے۔ بارش کے دنوں میں نالوں کی بندش کے باعث پانی کی نکاسی رک جاتی ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مشیر صحت نے بتایا کہ اس اہم مسئلے کے مستقل حل کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جو آئندہ 50 سال تک کے سیوریج کے مسائل کا تدراک کرے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل نہ صرف سیوریج سسٹم کو بہتر بنائے گی بلکہ گندے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں پر بھی قابو پانے میں مددگار ہوگی۔ نئے آباد ہونے والے علاقوں کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں۔

ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ منصوبے کی لاگت کا تخمینہ لگانے کے بعد اسے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ اس پر عملدرآمد کے لیے ضروری وسائل فراہم کیے جا سکیں۔

بعد ازاں مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈپٹی کمشنر میثم عباس کے ہمراہ 9 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر الطاف پارک کا دورہ بھی کیا۔ اس دوران انہوں نے پارک کے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ حاصل کی۔

مشیر صحت نے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button