جہلم میں عالمی یوم آبادی کے موقع پر سیمینار اور واک کا انعقاد، متوازن آبادی کی اہمیت پر زور

جہلم: عالمی یوم آبادی کے موقع پر محکمہ بہبود آبادی جہلم کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں ایک آگاہی سیمینار اور شعور بیداری واک کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی میں ڈاکٹر نثار، ڈاکٹر جواد، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، ماہرین، سماجی کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حسن خالد نے محکمہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جس میں 24 سال سے کم عمر افراد کی تعداد دو تہائی سے زائد ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اور کم عمر بچے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہیں ایک مثبت، صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرتی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے تاکہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی مشکل تر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرے میں متوازن آبادی کے تصور کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ ایک صحت مند، باصلاحیت اور خوشحال قوم کی تشکیل ممکن ہو سکے۔
تقریب کے اختتام پر آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر بڑھتی ہوئی آبادی کے اثرات سے متعلق پیغامات عام کیے۔ واک کا مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کو اہمیت دیں۔
تقریب کے شرکاء نے محکمہ بہبود آبادی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایسے اقدامات کو جاری رکھنے پر زور دیا۔



