رمضان کی آمد؛ دینہ میں پیاز مافیا بے لگام، پیاز کی قیمت آسمانوں سے باتیں کرنے لگی

دینہ: رمضان کی آمد آمد، دینہ میں پیاز مافیا نے عوام کو لوٹنا شروع کر دیا، 5کلو پیاز 1300روپے میں فروخت ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد کے سلسلے میں مافیا متحرک ہو گیا، عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیے مافیا نے شکنجہ تیار کر لیا، پیاز کی قیمت آسمانوں سے باتیں کرنے لگی،5کلو پیاز 1300روپے میں فروخت ہونے لگا۔
لوگ ریٹ سن کر کانوں کو ہاتھ لگانے لگے جبکہ انتظامیہ مکمل خاموش دکھائی دینے لگی ، رمضان کی خریداری کرنے والی عوام سخت پریشان ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ابھی رمضان شریف شروع ہی نہیں ہوا تو یہ حال ہو گیا ہے آگے کیا ہو گا ، لہٰذا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے اپیل ہے کہ مافیا کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب عوام رمضان شریف کی خریداری آسانی سے کر سکے۔



