دریائے جہلم میں 14 سالہ لڑکا نہاتے ہوئے ڈوب گیا

جہلم میں 14 سالہ لڑکا دوستوں کے ساتھ نہاتے ہوئے دریائے جہلم میں ڈوب گیا، ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں خواتین کالج سے ملحقہ محلے کا رہائشی 14 سالہ مجاہد علی ولد سید نور الحسن شاہ اپنے تین دوستوں کے ہمراہ پرانے پل کے قریب دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے گہرے پانی چلا گیا اور ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مجاہد علی کی تلاش شروع کر دی،لیکن 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی۔
یاد رہے کہ دریائے جہلم میں ڈوبنے کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے،گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آٹھ افراد نہاتے ہوئے ڈوبے ہیں۔ گزشتہ روز بھی جہلم میں کالا دیو کے مقام پر دو بھائی 20 سالہ عثمان اور 18 سالہ صائم دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔



