سوہاوہ اور دینہ میں کسانوں کیلئے کسان کارڈ ہیلپ ڈیسک سینٹر قائم

سوہاوہ اور دینہ میں دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت میں کسان کارڈ ہیلپ ڈیسک سینٹر قائم کر دیے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع جہلم چوہدری عابد جاوید اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع سوہاوہ ڈاکٹر عارف اللہ اعوان نے ہیلپ ڈیسک سینٹر کا افتتاح کیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کی سہولت کے لیے ایک اور عملی قدم اٹھایا گیا ہے۔ دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع، سوہاوہ اور دینہ میں کسان کارڈ ہیلپ ڈیسک سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ضلع جہلم چوہدری عابد جاوید اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع سوہاوہ ڈاکٹر عارف اللہ اعوان نے شرکت کی۔
یہ ہیلپ ڈیسک کسانوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہو رہا ہے جہاں انہیں درپیش مختلف مسائل کا فوری اور مؤثر حل فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارف اللہ اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز کسانوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل طور پر فعال کیا گیا ہے، اور یہاں مختلف تکنیکی و فنی سہولیات دستیاب ہیں۔
ہیلپ ڈیسک سینٹر پر کسانوں کو درج ذیل سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں:
- نیا کسان ریکارڈ بنوانے کا عمل
- کسان کارڈ کے حصول کی مکمل رہنمائی
- کوڈ بھول جانے کی صورت میں رہنمائی
- گمشدہ یا ٹوٹے ہوئے کارڈ کی بحالی
- کارڈ کی ایکٹیویشن اور بلاک ہونے کی صورت میں مسئلے کا حل
- کیش لیس ڈلیوری کے طریقہ کار کی معلومات
- کسان کارڈ کے درست اور مؤثر استعمال سے متعلق تربیت
- دیگر زرعی مسائل پر مشاورت اور رہنمائی
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت چوہدری عابد جاوید نے کسان برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلا جھجک ان سینٹرز سے رابطہ کریں، جہاں انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ یہ اقدام محکمہ زراعت کی کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے اور ان کے مسائل کو بروقت حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کا عملی مظہر ہے۔
اس موقع پر شکیل کھٹانہ (فوکل پرسن)، رمیض راجہ، صداقت عباسی اور ارشد محمود بھی موجود تھے۔ شرکاء نے اس سہولت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے محکمہ زراعت کی کوششوں کو سراہا۔



