جہلم میں گندم اور میدہ سستا، روٹی و بیکری اشیاء بدستور مہنگی، عوام سراپا احتجاج

جہلم: حکومتِ پنجاب کی جانب سے گندم اور میدہ کی قیمتوں میں کمی کے باوجود جہلم میں روٹی، نان، بریڈ اور بیکری مصنوعات کی قیمتیں تاحال کم نہ ہو سکیں۔ تندور اور بیکری مالکان کی من مانیاں بدستور جاری ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں مہنگائی کے خاتمے کے لیے گندم اور میدہ کی قیمتوں میں کمی کے احکامات جاری کیے، تاہم اس حکومتی اقدام کا کوئی اثر مارکیٹ پر دیکھنے میں نہیں آیا۔ جہلم شہر میں تندور اور بیکری مالکان نے نرخوں میں کوئی کمی نہیں کی، جس کے باعث عام شہری شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گندم اور میدہ کی قیمتیں کم ہونے کے بعد روٹی، نان، بریڈ اور دیگر بیکری اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے تھی لیکن دکاندار اور بیکری مالکان منافع خوری میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب پرائس کنٹرول کے ذمہ دار افسران بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

عوامی، سماجی اور شہری حلقوں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button