جہلم میں محکمانہ ترقی پانے والے اساتذہ اور کلیریکل سٹاف کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

جہلم: پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم کے صدرچوہدری راشد محمود کی ضلع جہلم میں محکمانہ ترقی پانے والے اساتذہ اور کلیریکل سٹاف کو مبارکباد ، تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صباء سحر،ڈی ای او سیکنڈری چوہدری شاہد صدیق، ڈی ای او ایلیمنٹری ملک صفدر علی اور ڈی ای او ایلیمنٹری خواتین غزالہ انور نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق ترقی پانے والے اساتذہ کی خوشیوں کو دوبالا کرنے اور انہیں باوقار طریقے سے ترقی کے احکامات دینے کے لئے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ( ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ) جہلم رانا جاوید اقبال نے اس پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کرکے اساتذہ کی عزت اور مرتبے میں اضافہ کیا۔

گورنمنٹ جامع ہائی سکول جہلم کے وسیع ہال میں منعقدہ اس تقریب کی میزبانی کے لئے سربراہ ادارہ ہذا ساجد محمود ڈار نے اپنے معاون سینئر مدرس اور پنجاب ٹیچرز یونین کےضلعی چیئرمین چودھری شبیر حسین کے ہمراہ بہترین انتظام و انصرام سے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ضلعی ڈپٹی کمشنر کیپٹن ( ریٹائرڈ ) سمیع اللہ فاروق اور اے ڈی سی جی آر صباء سحر تھے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ ) سمیع اللہ فاروق ہنگامی میٹنگ کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہ کر سکے تاہم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صباء سحر نے پروگرام میں شرکت کی۔ ضلعی تعلیمی افسران میں سی ای او رانا جاوید اقبال، چودھری شاہد صدیق، ملک صفدر محمود، راجہ اشفاق احمد، دفتری عملہ، اساتذہ تنظیموں کے قائدین اور ترقی پانے والے مرد و خواتین اساتذہ نے اس تقریب میں شرکت کی۔

اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر قربان حسین مدرس جامع ہائی سکول جہلم نے سرانجام دیئے۔ تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ کے بعد ضلعی تعلیمی افسر رانا جاوید اقبال نے تقریب کی غرض وغایت بارے آگاہ کرتے ہوئے ترقی پانے والے کلرکس ، اساتذہ کے اعداد و شمار اور محکمانہ ترقی کے مراحل سے مہمان خصوصی اور حاضرین کو آگاہ کیا۔

انہوں نے تمام مراحل میں تعاون کرنے والے دفتری عملہ اور پنجاب ٹیچرز یونین کے قائدین کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ترقی پانے والے تمام کلرکس اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔

مہمان خصوصی محترمہ صباء سحر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے بطور مہمان خصوصی سینکڑوں تقریبات میں شرکت کی ہے مگر اپنے ماتحت عملہ کے لئے ایسی پروقار تقریب میں پہلی بار شرکت کا اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے سی ای او ایجوکیشن رانا جاوید اقبال کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اساتذہ کی عزت اور وقار کے لئے اس تقریب کا اہتمام کیا۔ انہوں نے ترقی پانے والے اساتذہ کو بھی مبارک باد دی۔

مہمان خصوصی، محکمانہ افسران اور تنظیمی قائدین نے فرداً فرداً ترقی پانے والے اساتذہ کو ترقی کے احکامات دئیے۔ پنڈ دادنخان سے تعلق رکھنے والے مدرس محمد احسان نے سی ای او ایجوکیشن رانا جاوید اقبال کو روایتی چادر پہنا کر اپنی خوشی اور محبت کا اظہار کیا۔ مدرس راجہ حامد علی جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے محکمانہ ضلعی افسران اور اساتذہ تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔

پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر احسان الٰہی شاکر نے بھی ترقی پانے والے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ محکمانہ افسران اور خصوصا دفتری عملہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سی ای او ایجوکیشن سے گزارش کی کہ وہ اگلی ڈی پی سی کے لئے بھی کام کا آغاز کر دیں تاکہ یہ تسلسل چلتا رہے۔

پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کے مرکزی جنرل سیکریٹری چودھری وحید حیدر نے اپنے خطاب میں سی ای او ایجوکیشن رانا جاوید اقبال ، ان کے معاون افسران اور دفتری عملہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس ڈی پی سی کے لئے سابق سی ای او محترمہ کوثر سلیم صاحبہ کی خدمات کا بطور خاص ذکر کیا۔

چودھری وحید حیدر نے کہا کہ عرصہ قبل جہلم میں محکمانہ ترقی کا عمل تعطل کا شکار تھا مگر پنجاب ٹیچرز یونین کے صدر چودھری راشد محمود کی سربراہی میں ان کی ٹیم نے ریکارڈ ڈی پی سی کروا کے سینکڑوں اساتذہ کو ان کا حق دلوایا ہے۔ انہوں نے سابق سی اوز میں چودھری معروف حسین اور کوثر سلیم صاحبہ کی اس ضمن میں خدمات کو سراہا۔

چودھری وحید حیدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہماری ٹیم جہلم کی اساتذہ برادری کی خدمت کا عمل جاری رکھے گی۔

میزبان سکول کے سربراہ ساجد محمود ڈار نے حاضرین محفل ، محکمانہ افسران اور تنظیمی قائدین کا شکریہ ادا کیا اور ترقی پانے والے تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ دعا کے بعد تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button