عید کے قریب آتے ہی سبزی و فروٹ فروشوں کی من مانیاں، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

جہلم: عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی جہلم میں سبزی و فروٹ فروشوں نے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا۔ ٹماٹر، پیاز، آلو سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
شہریوں نے مصنوعی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید جیسے مذہبی تہوار کے قریب آتے ہی بعض منافع خور دکاندار دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنا شروع کر دیتے ہیں۔ جہلم شہر کے اندرون علاقوں، سبزی و فروٹ منڈی، سول لائن روڈ، جادہ، روہتاس روڈ، ڈھوک جمعہ روڈ، میجر اکرم شہید روڈ اور مضافاتی علاقوں میں دکاندار منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ انتظامیہ کی ناک کے نیچے ہو رہا ہے مگر کوئی روکنے والا نظر نہیں آتا۔
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور مصنوعی مہنگائی میں ملوث بااثر تاجروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔



