جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں، غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری گرفتار

جہلم پولیس نے دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں، جن کے دوران متعدد افراد اور مقامات کی چیکنگ کی گئی جبکہ ایک غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع کے 14 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 326 افراد، 157 گھروں اور 3 بس اسٹینڈز و ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی۔ کارروائی کے دوران تھانہ کالا گجراں کے علاقے سے ایک افغان شہری کو غیر قانونی طور پر مقیم ہونے پر گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشنز دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، اور اس سلسلے میں کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر اطلاع دیں۔
حکام کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو ہونے سے روک سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پولیس نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کسی شخص کے بارے میں معلوم ہو کہ وہ بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہے یا کسی مشتبہ سرگرمی میں ملوث ہے تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔



