دینہ میں شیر شاہ سوری کا مجسمہ ہٹا کر راجہ سارنگ کا گھڑ سوار مجسمہ نصب کر دیا گیا، شہریوں میں چہ مگوئیاں

دینہ میں جی ٹی روڈ پر مین چوک جامع مسجد کے سامنے نصب شیر شاہ سوری کا گھڑ سوار مجسمہ اچانک ہٹا دیا گیا، جس کی جگہ نیا گھڑ سوار مجسمہ راجہ سارنگ کا نصب کر دیا گیا ہے۔
مجسمے کی اس غیر متوقع تبدیلی پر شہری حلقوں میں حیرت اور تجسس کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف چہ مگوئیاں گردش کر رہی ہیں۔ دو روز قبل جی ٹی روڈ پر موجود تاریخی نوعیت کے گھڑ سوار مجسمے کو خاموشی سے ہٹا کر اس کی جگہ نیا مجسمہ نصب کر دیا گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ تو اس تبدیلی سے قبل کوئی باضابطہ اعلان کیا گیا اور نہ ہی عوام کو اس بارے میں اعتماد میں لیا گیا، جس کے باعث سوالات جنم لے رہے ہیں۔
شہری حلقوں کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ ادارے مجسمے کی تبدیلی کی وجوہات واضح کریں تاکہ پھیلنے والی افواہوں کا خاتمہ ہو سکے اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی دور کی جا سکے۔



