رمضان المبارک کے دوران کھلے عام روزہ خوری، ہوٹلز اور فاسٹ فوڈ دکانوں پر خلاف ورزیاں جاری

جہلم شہر سمیت اس کے گردونواح میں ماہ رمضان المبارک کے دوران روزہ خوری کے بڑھتے ہوئے رجحان نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

مقدس مہینے میں جہاں مساجد میں عبادات، تراویح اور سحری و افطاری کے روحانی مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں، وہیں دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے عام روزہ خوری کا سلسلہ تشویشناک حد تک جاری ہے۔

شہریوں کے مطابق شہر کے متعدد مقامات پر اسٹالز، ہوٹلز، سموسہ، پکوڑا اور فاسٹ فوڈ کی دکانوں پر دن کے اوقات میں بغیر کسی پردے کے کھانے پینے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ بعض علاقوں میں چائے اور روٹی کے ہوٹلز سحری کے بعد مکمل طور پر بند ہونے کے بجائے جزوی طور پر کھلے رہتے ہیں، جہاں نہ صرف مسافر بلکہ مقامی افراد بھی کھلے عام کھانا کھاتے اور سگریٹ نوشی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ احترامِ رمضان آرڈیننس کی اس طرح کھلم کھلا خلاف ورزی سے نہ صرف مقدس مہینے کے تقدس کو ٹھیس پہنچ رہی ہے بلکہ قانون کی عملداری پر بھی سوالیہ نشان پیدا ہو رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور خلاف ورزیوں میں ملوث ہوٹل مالکان اور دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے اپیل کی ہے کہ احترامِ رمضان کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر چیکنگ، سخت نگرانی اور بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں تاکہ شہر میں رمضان المبارک کا تقدس برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button