شہدائے پولیس کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، ڈی پی او جہلم ناصر محمود


جہلم:یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے شہدا پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے شاندار چوک جہلم، جی ٹی چوک دینہ اور نوازش شہید چوک پنڈدادنخان میں چراغاں اور شمعیں روشن کی گئیں۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے ایس پی انویسٹی گیشن محمد حسیب راجہ، ڈی ایس پی سٹی،ڈی ایس پی لیگل ،ایس ایچ او سٹی اور ایس ایچ او صدر کے ہمراہ شاندار چوک جہلم میں شمعیں اور چراغ روشن کئے اور شہدا پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔
ڈی ایس پی صدر،ایس ایچ او دینہ اور پولیس افسران نے جی ٹی چوک دینہ میں چراغاں کیا جبکہ ڈی ایس پی پنڈ دادنخان عامر شاہین گوندل،ایس ایچ او پنڈ دادنخان اور پولیس افسران نے نوازش شہید چوک پنڈدادنخان میں چراغاں کیا۔ اس موقع پر ہونے والی تقریب میں شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا گیا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس دشمن کے خلاف فرنٹ لائن پر ہے اور پولیس کے جوانوں و افسران نے دشمن کے تمام ہتھکنڈوں کو مسلسل ملیا میٹ کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے امن کی فضاء برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس اور عوام شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،ایس پی انویسٹی گیشن راجہ حسیب نے شہداء پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم شہداء پولیس کی یاد میں شمع جلانا شہداء کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی اور تعلقات کو مضبوط کرتا ہے ،شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ وطن کی حفاظت کو یقینی بنانے میں شہداء کی قربانیاں لازوال ہیں ،شہداء نے اپنا کل ہمارے آج کو محفوظ بنانے کے لیے قربان کیے ہیں،شہداء پولیس محکمہ اور قوم کا اثاثہ اور ہمارہ فخر ہیں۔ شہریوں کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والے پولیس جوانوں کی لا زوال قربانیوں کو ہمشہ یاد رکھا جائے گا۔



