جہلم میں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث خواتین پر مشتمل ہیر گینگ سرغنہ سمیت گرفتار

جہلم پولیس نے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث خواتین پر مشتمل ہیر گینگ کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے سرغنہ سمیت 3 خواتین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چور گینگ کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موبائل فون (مالیتی 60 ہزار روپے) اور نقدی 80 ہزار روپے برآمد کر لی۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے چالان عدالت بھجوایا جا رہا ہے تاکہ انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



