انٹرنیٹ سروس کی بندش اور سست رفتاری پر شہری اور کاروباری حلقے سراپا احتجاج

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں انٹرنیٹ سروس کی بار بار بندش اور غیر معمولی سست رفتاری نے عوام، کاروباری طبقے اور سرکاری و نجی دفاتر کے ملازمین کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

ناقص انٹرنیٹ سروس کے باعث جہاں سرکاری امور متاثر ہو رہے ہیں، وہیں طلبہ، آن لائن کام کرنے والے افراد اور عام صارفین بھی ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد نے پی ٹی سی ایل کے ڈی ایس ایل کنکشن منقطع کروانے کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ موبائل فون انٹرنیٹ سروسز میں بھی سپیڈ میں شدید کمی دیکھی جا رہی ہے۔ اس صورتحال نے شہریوں کو متبادل ذرائع تلاش کرنے پر مجبور کر دیا ہے، تاہم بیشتر علاقوں میں بہتر متبادل سروسز کی عدم دستیابی کے باعث پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

کاروباری حلقوں اور عام صارفین کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے انٹرنیٹ بلز ادا کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود انٹرنیٹ سروس میں بہتری کی بجائے روز بروز گراوٹ آ رہی ہے۔ "جدید دور میں انٹرنیٹ زندگی کا لازمی جزو بن چکا ہے، لیکن یہاں سہولت کے بجائے مسلسل رکاوٹوں کا سامنا ہے”، ایک مقامی تاجر نے شکایت کی۔

شہریوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ناقص سروس فراہم کرنے والے آپریٹرز کے خلاف کارروائی کرے، اور ان کے لائسنس منسوخ کرنے جیسے اقدامات کیے جائیں تاکہ سروس کے معیار میں بہتری لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button