ضلع جہلم میں خود ساختہ مہنگائی کی شکایات پر فوری اور سخت ایکشن لیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ ضلع جہلم میں خود ساختہ مہنگائی کی شکایات پر فوری اور سخت ایکشن لیا جائے گا۔ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دن رات مارکیٹوں میں قیمتوں کا جائزہ لیں اور مہنگائی مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کریں۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بعض پرائس مجسٹریٹس کو سرکاری ہدایات کے مطابق کام نہ کرنے پر سخت وارننگ بھی جاری کی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس کا کہنا تھا کہ پرائس مجسٹریٹس کا بنیادی کام شہریوں کو خود ساختہ مہنگائی سے بچانا اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ حالیہ بارشوں کے بعد بعض تاجروں نے ناجائز طور پر ریٹ بڑھا کر عوام کو لوٹنا شروع کیا ہے، ایسے عناصر کے خلاف مقدمات درج کرکے بھاری جرمانے کیے جائیں گے اور ان کے کاروباری مراکز کو سیل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں عوام کا استحصال کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔



