جہلم کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے شاندار چوک کا دورہ کیا جہاں وہ شہر میں جاری سیوریج لائن منصوبے پر کام کی پیشرفت کا جائزہ لینے پہنچے۔
اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ سیوریج لائن کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ہو سکے اور ٹریفک کی روانی بحال کی جا سکے۔
یہ منصوبہ شہر میں نکاسی آب کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے زیرِ تعمیر سیوریج لائن کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود افسران سے منصوبے کی رفتار، معیار اور رکاوٹوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نالے کی تعمیر کے دوران اعلیٰ معیار کے میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ پائیدار اور دیرپا ثابت ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کو کم سے کم پریشانی ہو، اس لیے کام کو مرحلہ وار مکمل کرتے ہوئے سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شہری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔



