گاڑی مالکان کیلئے وارننگ جاری، 30 جون تک ٹوکن ٹیکس جمع نہ کرانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ

جہلم: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفتر جہلم نے سالانہ وہیکل ٹوکن ٹیکس جمع نہ کروانے والے گاڑی مالکان کے لیے سخت انتباہ جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ سرکاری نوٹس کے مطابق تمام گاڑی مالکان کے پاس 30 جون تک کی مہلت ہے، جس کے بعد عدم ادائیگی کی صورت میں محکمہ سخت قانونی اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگا۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر منور حسین نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی گاڑی کا مالک مقررہ تاریخ تک ٹوکن ٹیکس ادا کرنے میں ناکام رہا تو اس کی گاڑی ضبط کی جا سکتی ہے، وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے، بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا، چالان جاری ہوگا اور یہاں تک کہ گاڑی کی رجسٹریشن بھی منسوخ کی جا سکتی ہے۔
محکمہ نے شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے طریقہ کار کو انتہائی آسان بنا دیا ہے۔ شہری اب دفتر کا چکر لگائے بغیر e-Pay ایپ یا آن لائن نظام کے ذریعے اپنی گاڑی کا ٹیکس باآسانی ادا کر سکتے ہیں۔ دفتر میں موجود تربیت یافتہ اور فرض شناس عملہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
منور حسین نے مزید بتایا کہ شہری e-Pay کے ذریعے اپنی آئی ڈی بنا کر متعلقہ ٹیکس کی مکمل تفصیل حاصل کر سکتے ہیں اور وہیکل ٹوکن ٹیکس کی رقم جاننے کے لیے "موٹر وہیکل ٹیکس کیلکولیٹر” کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ٹیکس ادا کرنے کے بعد ٹوکن ٹیکس کا اسٹیکر حاصل کرنا بھی ضروری ہے، جسے گاڑی کی فرنٹ ونڈ اسکرین پر واضح طور پر چسپاں کیا جائے۔
شہریوں کی رہنمائی اور معلومات کے لیے محکمہ نے ہیلپ لائن 080008786 جاری کی ہے، جبکہ 8785 پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کی جانب سے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کے لیے یہ تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس ضمن میں محکمہ کی جانب سے دو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں ایک وہیکل کی منتقلی سے متعلق ہے جبکہ دوسرا ٹوکن ٹیکس کی بروقت ادائیگی سے متعلق ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر بروقت ٹیکس ادا کریں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، تاکہ ممکنہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔



