پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرائے برقرار، مسافروں کو ریلیف نہ مل سکا

جہلم: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہونا مسافروں اور عام شہریوں کے لیے ایک بڑا سوال بن گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ مالکان کی جانب سے مسافروں کو کرایوں میں کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔ پیٹرول کی قیمت چند ہفتے قبل 402 روپے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، جو اب کم ہو کر 319 روپے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی 425 روپے سے کم ہو کر 357 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے کرایے بدستور سابقہ سطح پر برقرار ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ مالکان فوری طور پر اپنی مرضی سے کرایوں میں اضافہ کر لیتے ہیں اور اضافی اخراجات کا بوجھ براہِ راست مسافروں پر منتقل کر دیا جاتا ہے، لیکن جب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تو کرایوں میں کمی کے معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر لی جاتی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونے کے باوجود متعلقہ حکام، خصوصاً سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے)، کی جانب سے مؤثر نوٹس نہیں لیا جا رہا، جس کے باعث اس دوہرے معیار کا خمیازہ عام مسافروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

عوامی حلقوں کے مطابق اس صورتحال کا اثر صرف پبلک ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں بلکہ مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں کمی نہ ہونے سے اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات بھی متاثر ہو رہے ہیں، جس کا اضافی بوجھ بالآخر عام صارفین تک پہنچتا ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ جہلم اور سیکرٹری آر ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی نمایاں کمی کے تناسب سے پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر نظرثانی کی جائے، ٹرانسپورٹ مالکان کو مناسب کرایوں کا پابند بنایا جائے اور سرکاری کرایہ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں اور عام صارفین کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button