جہلم میں خاوند سول اسپتال میں بیوی کو چھوڑ کر غائب، ڈاکٹروں نے خاتون کی جان بچا لی

جہلم میں خاوند سول اسپتال میں بیوی کو چھوڑ کر غائب ہو گیا، ڈاکٹروں نے خاتون کی جان بچا لی۔
تفصیلات کے مطابق سرائے عالمگیر کی رہائشی ایک خاتون کو اس کا شوہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم کے لیبر روم میں چھوڑ کر غائب ہوگیا، مگر سول اسپتال جہلم کے میڈیکل اسٹاف نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی جان بچا لی۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر سہیل اعجاز نے خاتون کی نازک حالت کے پیش نظر فوری نوٹس لیا اور طبی عملے کو ہدایت جاری کی کہ نامعلوم خاتون کی جان بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ ڈاکٹر شگفتہ (گائناکالوجسٹ)، ڈاکٹر امجد (ڈی ایم ایس) اور ڈاکٹر سائرہ فیاض (ڈبلیو ایم او) نے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا۔
اس پیچیدہ اور خطرناک آپریشن کے لیے ڈاکٹر معظم، اسٹاف نرس نازش، انچارج نرسنگ نائٹ شازیہ نورین اور نرس تابندہ کو بھی طلب کر لیا گیا۔ پوری ٹیم نے کئی گھنٹوں تک مسلسل محنت کرتے ہوئے نہ صرف ماں کی جان بچائی بلکہ ایک صحت مند بچے کی پیدائش بھی ممکن بنائی۔
خاتون کو ہوش میں آنے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ ایک سالہ بیٹی کی ماں ہے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے اس کا شوہر گھر چلا گیا تھا، تاہم فون نمبر میں ایک ہندسے کی غلطی کی وجہ سے رابطہ نہ ہو سکا۔ اسپتال کا پورا طبی عملہ خاتون کی ہر ضرورت، پرچی بنوانے سے لے کر خون کی بوتل فراہم کرنے تک، خود انجام دیتا رہا۔
خاتون کی جان بچانے اور انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر شہریوں نے اسپتال کے تمام طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو بے حد سراہا۔



