ہر بچہ ایک صحت مند اور محفوظ آغاز کا حق رکھتا ہے، ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان

دینہ: دنیا بھر کی طرح دینہ میں بھی 17 نومبر کو عالمی یومِ قبل از وقت پیدائش منایا گیا۔ اس موقع پر چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان نے قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی صحت، نگہداشت اور ضروری طبی سہولیات کے حوالے سے اہم پیغام جاری کیا۔
ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد اُن بچوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے جو مقررہ وقت سے پہلے پیدا ہوتے ہیں اور اپنی نازک حالت کے باعث خصوصی طبی نگہداشت کے محتاج ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ پریمچیورٹی ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ ننھے بچے اور ان کے والدین کس قدر مشکلات کا سامنا کرتے ہیں اور ہم سب کا فرض ہے کہ ان کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر بچہ ایک صحت مند اور محفوظ آغاز کا حق رکھتا ہے۔ بروقت علاج، مناسب توجہ اور والدین کی محبت سے ان بچوں کی زندگی میں نمایاں فرق پیدا کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر عدیل افتخار نے کہا کہ قبل از وقت پیدائش اُس وقت کہی جاتی ہے جب کوئی بچہ حمل کے 37ویں ہفتے سے پہلے دنیا میں آ جائے۔ ایسے بچوں کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے اور انہیں مختلف طبی پیچیدگیوں کا خطرہ رہتا ہے، اس لیے انہیں خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔
ڈاکٹر عدیل نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں اس مسئلے کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلائی جائے تاکہ لوگ نہ صرف اس بیماری کو سمجھیں بلکہ ان خاندانوں کی مدد بھی کریں جو اس مشکل صورتحال سے گزرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے مختلف طریقہ کار اپنائے جا رہے ہیں جن میں کینگرو کیئر اور ماں کے دودھ کی اہمیت پر زور دینا شامل ہے۔ انہوں نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ اسپتالوں میں اس حوالے سے مزید سہولیات اور وسائل فراہم کرے تاکہ ہر بچہ مناسب علاج حاصل کر سکے۔
ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان نے کہا کہ اس عالمی دن پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں اور ان کے والدین کی مکمل حمایت کریں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ ہر بچے کو زندگی کا بہترین آغاز مل سکے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان روزانہ سہ پہر 3 بجے سے 5 بجے تک بچوں کے چیک اپ کے لیے عدیل کلینک (نزد مرکزی جامع مسجد و میزان بینک مین چوک جی ٹی روڈ دینہ) پر دستیاب ہوتے ہیں۔



