سرکاری و نجی سکولوں میں طلبہ کے موبائل فون پر پابندی نافذ

جہلم: محکمہ سکولز ایجوکیشن نے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں طلبہ کے موبائل فون استعمال کرنے پر سختی سے پابندی عائد کر دی ہے۔
اس سلسلے میں تمام ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہان کو باقاعدہ ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ پابندی پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام سکولز اپنے طلبہ کو ہم نصابی سرگرمیوں اور شخصیت سازی سے متعلق پروگراموں میں بھرپور شرکت کی ترغیب دیں گے تاکہ ان کی ذہنی، تعلیمی اور سماجی نشوونما بہتر ہو سکے۔
یہ مراسلہ پنجاب اسمبلی میں منظور شدہ قرارداد کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے، جس کا مقصد تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا اور طلبہ کو غیر ضروری موبائل فون کے استعمال سے دور رکھنا ہے۔
سکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے پابندی کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔



