جہلم میں چنگ چی رکشوں کے غیر قانونی سائلنسرز سے شور و غل میں اضافہ، شہریوں کا جینا محال

جہلم شہر میں موٹر چنگ چی رکشوں کے غیر قانونی سائلنسرز کی خوفناک آوازوں نے شہریوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر میں موٹر چنگ چی رکشوں کے غیر قانونی سائلنسرز نے شہریوں کا سکون چھین لیا۔ ان رکشوں سے اٹھنے والی خوفناک آوازیں نہ صرف شہریوں کے لیے اذیت کا باعث بن رہی ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں بھی خطرناک حد تک اضافہ کر رہی ہیں۔
شہریوں کے مطابق کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز قانون کی کھلی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے روزانہ شہر کی سڑکوں پر رکشے دوڑاتے نظر آتے ہیں، جس سے حادثات کے خدشات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو اور ڈی ایس پی ٹریفک خرم ستی سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی سائلنسر لگانے والے چنگ چی رکشہ ڈرائیورز اور بغیر لائسنس یا کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ شہر کو شور اور سموگ کے عذاب سے نجات دلائی جا سکے۔



