پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غیر فعال، دکاندار اشیاء خوردونوش مہنگے داموں فروخت کرنے لگے

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غیر فعال، دکانداروں نے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے اشیاء خوردونوش مہنگے داموں فروخت کرنی شروع کردیں۔ مرغی ، گائے، بکرے کا گوشت، سبزیاں، پھلوں سمیت روزمرہ استعمال کی اشیا ضروریہ مہنگے داموں فرو خت کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم دلچسپی کیوجہ سے دکانداروں نے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حکومتی دعوؤں کو ہوا میں اڑا دیاگیا، سرکاری نرخ نامے بھی کام نہ آسکے ۔انتظامیہ کی طرف سے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے دی گئی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ سرکاری نرخ نامے میں اول ، دوم اشیاء کی تفریق کی گئی ہے جبکہ دکانداروں نے اول ، دوم ، سوم اشیاء کے الگ الگ نرخ مقرر کرکے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے ،اگر کوئی صارف سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد پر بات کرے تو دکاندار گالی گلوچ، لڑائی جھگڑے پر اترآتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا غیر فعال ہونا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں اور حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والے دکانداروں کوپابند ِ سلاسل کیا جائے تاکہ مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔



