پنجاب حکومت ضلع جہلم کے خستہ حال پلوں کی تعمیر و مرمت کے لیے متحرک

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سٹرکیں بحال پنجاب خوشحال پروگرام میں دس پلوں کی تعمیر و بحالی کی منطوری دے دی۔ منظوری ہونے کے بعد صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ صوبہ پنجاب کے دس انتہائی خستہ حال پلوں کی تعمیر کیلئے متحرک ہو گئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دس انتہائی خراب پلوں پر آئندہ چند دنوں میں کا م کا آغاز کر دیا جائے گا۔ 20 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے 8 خستہ حال پلوں کو تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور اور جہلم میں دو پلوں کی تعمیر کیلئے محکمہ انہارکو آن بورڈ لے لیا گیا ہے۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لنک روڈ پر واقع ڈرین چینل پر 30 ملین سے 60 دن میں پل دوبارہ تعمیر ہو گا۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ جہلم میں پنڈ دادن خان اور لِلہ روڑ پر پل کو 30 ملین روپے کی لاگت سے 90 دن میں بہتر کیا جائے گا۔ ضلع جھنگ میں جھنگ سرگودھا روڈ پر ڈرین پل کو 25 ملین سے 90دن میں بحال کیا جائے گا۔ضلع شیخوپورہ میں نارووال مریدکے روڈ پر ڈرین پل کو 10 ملین سے 45 دن میں تعمیرکیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں گوجرانوالہ پسرور روڈ پر 10 ملین سے 30 دن میں پل کو مرمت کیا جائے گا۔فیصل آباد میں فیصل آباد سمندری روڈ پر کنال پل کو 35 ملین سے 60 دن میں مرمت کیا جائے گا۔ حافظ آباد میں چنیوٹ پنڈی بھٹیاں روڈ پر 3 ملین سے 10 دن میں ڈرین پل کو مرمت کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جہلم میں خوشاب للِہ روڈ پر ڈرین پل کو 60 ملین روپے سے 120 دن میں درین پل کو مرمت و بحال کیاجائے گا۔ پنڈ داد ن خان روڈ بھلوال اور ہڈیارہ ڈرین ڈیفنس روڈ لاہور کو محکمہ انہار مرمت و بحال کرے گا۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہنا تھا کہ ان پلوں کی تعمیر ومرمت کے دوران ٹریفک کی روانی کیلئے متبادل راستے بنائیں جائیں گے۔



