ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی انجمن تاجران سے ملاقات، تاجروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی

جہلم: ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے انجمن تاجران جہلم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے اہم ملاقات کی جس کی قیادت انجمن تاجران کے صدر ملک محمد اقبال نے کی۔ ملاقات میں شہر کے تاجروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد میں صدر سبزی و فروٹ منڈی چوہدری مظہر حسین سمیت دیگر تاجر رہنما شامل تھے جنہوں نے تجاوزات، صفائی، ٹریفک کے مسائل اور دیگر انتظامی امور سے متعلق اپنے خدشات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تمام مسائل کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تاجروں کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے گی۔
تاجر رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر کے مثبت اور دوستانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کا تعاون کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور شہری سہولتوں میں بہتری کے لیے خوش آئند ہے۔
آخر میں وفد نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ تاجر برادری اور انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے شہر میں ترقی اور سہولتوں کا نیا دور شروع ہوگا۔



