عید الاضحی پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کا سول ہسپتال اور جہلم جیل کا دورہ، تحائف تقسیم کئے

جہلم: عید الاضحی کے بابرکت موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مٹھائی تقسیم کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ثانیہ صفی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
بعد ازاں وفد نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور معروف سماجی و فلاحی شخصیت چیئرمین الحیات ویلفیئر ٹرسٹ حاجی محمد ریاض نے قیدیوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے، عید کی مبارکباد دی اور ان کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ حاجی محمد ریاض کی جانب سے قیدیوں میں نئے سوٹ، مٹھائی اور دیگر تحائف تقسیم کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے جیل کے سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کی تفصیلی جانچ کی۔ انہوں نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ قیدیوں کو قانون کے مطابق تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ "عید جیسے مواقع پر قیدیوں کو خوشیوں میں شریک کرنا ہمارا انسانی فریضہ ہے۔”
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ جہلم پولیس انسانی حقوق، فلاحی اقدامات اور اصلاحی سرگرمیوں کو ترجیح دیتی ہے تاکہ معاشرے کے ہر فرد کو وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔



