پنڈدادنخان میں چوری اور نقب زنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث مورس گینگ کے 3 کارندے گرفتار

پنڈدادنخان پولیس نے چوری اور نقب زنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث مورس گینگ کے تین کارندوں کو گرفتار کر لیا، پولیس نے مال مسروقہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان عثمان تصدق اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے چوری اور نقب زنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث مورس گینگ کے تین ملزمان یونس عرف مورس،محمد فیاض اور بابر علی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان سے منشیات، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور وارداتوں میں چھینے گئے طلائی زیورات ساڑھے آٹھ تولہ، سیونگ سرٹیفکیٹ، رقم ایک لاکھ روپے، بیٹریاں اور گھریلو سامان برآمد کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مال مسروقہ کا کل تخمینہ 91 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔



