جہلم میں موسمی تبدیلی اور بارش نہ ہونے سے وبائی امراض میں اضافہ، شہری سانس، دمہ اور گلے کی بیماریوں میں مبتلا

جہلم شہر اور گردونواح میں بارش نہ ہونے اور موسمی تبدیلی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد سانس، دمہ، گلے، بخار، آشوبِ چشم اور دیگر وبائی امراض میں مبتلا ہو گئی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں اضافہ شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔

بارش نہ ہونے سے شہر بھر میں مٹی، گردوغبار اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں میں ناک، گلے اور آنکھوں کے امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فضا میں موجود آلودہ ذرات اور مٹی کے باعث سانس کی نالیوں میں انفیکشن کے کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق میونسپل کمیٹیوں کو شہروں میں موجود درختوں، گرین بیلٹس اور کچی جگہوں پر صبح و شام پانی کا چھڑکاؤ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ گردوغبار کم ہو اور شہریوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی جہلم فوری طور پر شہر کی اہم سڑکوں، شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں پانی کا چھڑکاؤ شروع کرے تاکہ فضائی آلودگی میں کمی واقع ہو سکے۔

عوامی نمائندوں اور ماہرینِ ماحولیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں میں درختوں اور پودوں کو روزانہ پانی دینے کا اہتمام کریں تاکہ سموگ اور مٹی کے اثرات کم کیے جا سکیں اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button