ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس، غیر معیاری ادویات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت کے افسران، ڈرگ انسپکٹرز اور فیلڈ انسپکشن ٹیموں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے میڈیکل سٹورز، فارمیسیز اور ادویات کے معیار سے متعلق مختلف کیسز اور ریگولیٹری امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران ادویات کے معیار، زائد المیعاد اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی برآمدگی، این او سی (NOC) کی جانچ پڑتال، میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کی رجسٹریشن، سٹاف کی اہلیت اور ان کی حاضری سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ افسران نے مختلف انسپکشنز اور جاری کارروائیوں کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں تمام میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کی سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور این او سی سمیت تمام ریگولیٹری دستاویزات کی مکمل تصدیق کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی، غیر قانونی سرگرمی یا قواعد و ضوابط کی عدم پابندی پر فوری اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ، زائد المیعاد یا مشکوک ادویات کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور مستند ادویات کی فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فارمیسیز اور میڈیکل سٹورز پر اہل اور تربیت یافتہ عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور تمام ادارے متعلقہ قوانین اور ضوابط کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ عوامی صحت کے تحفظ، انسانی جانوں کے تحفظ اور مؤثر ریگولیٹری نظام کے نفاذ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں جاری رکھے گا اور ادویات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button