پنڈدادنخان میں بائیو میٹرک تصدیق کے لیے سینکڑوں پنشنرز دربدر

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے سینکڑوں پنشنرز بائیو میٹرک تصدیق کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
معمر اور کمزور پنشنرز کو تصدیق کے لیے جس بینک کی طرف بھیجا جاتا ہے، بدقسمتی سے اس بینک کی کوئی شاخ تحصیل پنڈدادنخان میں موجود نہیں، جس کی وجہ سے بزرگ شہری سخت مشکلات کا شکار ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بزرگ پنشنرز کے ساتھ یہ سلوک انتہائی افسوسناک ہے۔ بزرگ پنشنرز نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کے باقی ایام سکون سے گزارنا چاہتے ہیں، لہٰذا حکومت فوری طور پر اس مسئلے کا مستقل حل نکالے۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان کے پنشنرز کے لیے لائف سرٹیفکیٹ کو قابل قبول قرار دیا جائے تاکہ معمر افراد کو بائیو میٹرک تصدیق کے نام پر ذلیل و خوار ہونے سے بچایا جا سکے۔



