جہلم کے علاقے ٹاہلیانوالہ میں بندروں کی یلغار، خواتین اور بچے خوف کا شکار

جہلم کے نواحی علاقے ٹاہلیانوالہ میں بندروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور یلغار سے علاقہ مکین شدید پریشانی اور خوف کا شکار ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق بندروں کے جھنڈ روزانہ کی بنیاد پر رہائشی علاقوں، گھروں کی چھتوں، گلی محلوں اور باغیچوں میں داخل ہو کر نقصان پہنچا رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صبح اور شام کے اوقات میں بندروں کے بڑے بڑے جھنڈ علاقے میں زیادہ دکھائی دیتے ہیں، جس کی وجہ سے خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بندروں کی بڑھتی ہوئی موجودگی کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعے کا سبب بن سکتی ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق بندر گھروں اور باغات میں داخل ہو کر پھل توڑ لیتے ہیں، پودوں اور دیگر اشیاء کو نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ بعض اوقات چھتوں پر موجود سامان بھی بکھیر دیتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کو مالی نقصان کے ساتھ ساتھ ذہنی پریشانی کا بھی سامنا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے متعدد بار محکمہ وائلڈ لائف کو آگاہ کیا، تاہم تاحال کوئی عملی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی اور نہ ہی متعلقہ اہلکاروں نے علاقے کا دورہ کیا ہے۔
شہریوں نے محکمہ وائلڈ لائف، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بندروں کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے اور آبادی والے علاقوں سے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو اس پریشانی سے نجات مل سکے اور کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ ادارے صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جلد عملی اقدامات کریں گے۔


