عید کی آمد؛ جہلم میں نئے کرنسی نوٹوں کی خرید و فروخت میں اضافہ، بلیک میں فروخت کی شکایات

جہلم: عیدالفطر قریب آتے ہی نئے کپڑوں اور جوتوں کے ساتھ ساتھ نئے کرنسی نوٹوں کی خریداری میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ عید کے موقع پر بچوں اور عزیز و اقارب کو عیدی دینے کے لیے شہری نئے نوٹ حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق عید کے پیش نظر بینکوں کے ساتھ ساتھ بازاروں میں بھی نئے کرنسی نوٹوں کی خرید و فروخت جاری ہے۔ بینکوں سے محدود مقدار میں اور مختلف شرائط کے ساتھ نئے نوٹ دستیاب ہیں جس کے باعث بیشتر شہری بازار سے نئے نوٹ خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بعض دکاندار نئے کرنسی نوٹ بلیک میں فروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 10 روپے کے نئے نوٹوں کی کاپی پر تقریباً 300 روپے، 20 روپے کے نوٹوں کی کاپی پر 600 روپے، 50 روپے کے نوٹوں کی کاپی پر 1000 روپے جبکہ 100 روپے کے نوٹوں کی کاپی پر 1200 روپے تک اضافی رقم وصول کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے کرنسی نوٹ بلیک میں فروخت کرنے اور اس عمل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ نئے نوٹ صرف بینکوں کے ذریعے کھاتہ داروں کو فراہم کیے جا سکیں۔



