دینہ میں ماں باپ کے سامنے 18سالہ لڑکی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے دونوں ملزمان گرفتار

دینہ/جہلم: دینہ میں 18 سالہ لڑکی سے گن پوائنٹ پر والدین کے سامنے زیادتی کی کوشش کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے تھانہ منگلا کینٹ کے علاقے دھنیالہ میں 18 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کی کوشش، ہوائی فائرنگ اور اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کے سنگین مقدمہ میں ملوث دونوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایک ہفتہ قبل دو ملزمان مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت ہو کر ایک محنت کش کے گھر میں داخل ہوئے تھے، جہاں انہوں نے اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور 18 سالہ لڑکی کی عزت و وقار پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
اہلخانہ کی مزاحمت اور شور شرابے پر ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔ فرار کے دوران ملزمان اپنا جوتا اور پستول کی میگزین بھی موقع پر چھوڑ گئے تھے، جسے پولیس نے شواہد کے طور پر تحویل میں لے لیا تھا۔
ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور ان کی ٹیم نے مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مارے۔ پولیس کے مطابق جدید سائنسی طریقہ تفتیش اور ہیومن ریسورس کی مدد سے مرکزی ملزم کو بھی ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم کو پہلے ہی حراست میں لیا جا چکا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسنین اور عزیر شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حسنین سول ڈیفنس کا ملازم ہے جبکہ عزیر پہلے سے ریکارڈ یافتہ ملزم ہے۔ دونوں ملزمان کو منگلا کے علاقے سے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے اور انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔ مقدمہ کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان، مال اور عزت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور خواتین و بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



