ضلع جہلم میں پبلک ٹرانسپورٹ اور سکول وینز میں غیر قانونی ایل پی جی بھرنے کا سلسلہ جاری

جہلم: ضلع جہلم میں پبلک ٹرانسپورٹ اور سکول وینز میں غیر قانونی ایل پی جی بھرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

ذرائع کے مطابق ناقص اور غیر معیاری ایل پی جی سلنڈروں کے استعمال کے باعث گزشتہ سالوں میں متعدد دھماکے ہو چکے ہیں، جن میں کئی شہری ہلاک یا زخمی ہوئے۔

عوامی حلقوں نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں سی این جی کی بجائے ایل پی جی بھری جا رہی ہے، جو سی این جی کے مقابلے میں انتہائی خطرناک اور دھماکہ خیز ہے۔ اس طرح کے عمل کے نتیجے میں کسی بھی وقت ضلع بھر میں بڑا حادثہ پیش آنے کا خدشہ ہے۔

ضلع جہلم کے عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلع میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ اور سکول وینز میں ایل پی جی اور سی این جی سلنڈرز کی تنصیب اور غیر قانونی بھرائی کی نگرانی یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

شہری حلقوں نے کہا کہ متعلقہ ضلعی حکام کی بارہا توجہ دلانے کے باوجود ابھی تک اس مسئلے کا حل نہیں نکالا گیا، اور اب اعلیٰ حکام کی مداخلت ناگزیر ہو گئی ہے تاکہ ضلع جہلم میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button