ڈپٹی کمشنر جہلم کا جادہ چوک میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ، متعلقہ عملے کو سخت ہدایات

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے "سُتھرا پنجاب” مہم کے تحت یونین کونسل نمبر 13 جادہ چوک، جی ٹی روڈ پر صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے چوک اور اطراف کے علاقوں میں کچرے کے ڈھیروں، نکاسی آب اور سینیٹیشن کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے سٹاف اور متعلقہ افسران کو طلب کرکے کارکردگی رپورٹ طلب کی۔
میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ RWMC عملہ اپنی ذمہ داریاں فرض شناسی اور تسلسل کے ساتھ ادا کرے، تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جادہ چوک اور جی ٹی روڈ شہر کا چہرہ ہیں، یہاں صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ "سُتھرا پنجاب مہم” وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا ترجیحی منصوبہ ہے، جس کے تحت تمام اضلاع میں صفائی کے نظام کو مثالی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے انتظامات میں غفلت یا لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



