پنجاب میں یوم عاشور تک دفعہ 144 نافذ؛ اسلحہ، جلوس، اشتعال انگیز مواد اور ڈبل سواری پر پابندی

جہلم: پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ضمن میں جہلم سمیت تمام اضلاع میں سخت سیکیورٹی اقدامات اور متعدد پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سات مختلف نوعیت کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان میں اسلحہ کی نمائش، غیر منظور شدہ جلوس اور مجالس، عوامی اجتماعات، اشتعال انگیز تقاریر، وال چاکنگ، پمفلٹ یا سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی ترسیل شامل ہیں۔ صرف وہی جلوس اور مجالس منعقد کی جا سکیں گی جو پہلے سے ضلعی انتظامیہ سے باقاعدہ طور پر منظور شدہ ہوں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی نئی سرگرمی، اختراع یا غیر روایتی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی، خواہ اس کا مقصد مذہبی ہو یا سماجی۔ اس کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی 9 اور 10 محرم الحرام کو مؤثر ہو گی۔
پنجاب پولیس اور تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور امن و امان کی فضا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ سیکیورٹی ادارے تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کر رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ جہلم نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر پولیس یا متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ شر پسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔



