قائم مقام ڈی پی او جہلم کا ٹریفک آفس اور پولیس خدمت مرکز کا دورہ، شہریوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت

جہلم: قائم مقام ڈی پی او جہلم فیصل سلیم نے ٹریفک آفس جہلم میں ٹریفک پولیس کے سٹاف کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا، جس میں ڈی ایس پی ٹریفک جہلم طارق شفیع اور انچارج برانچز ٹریفک آفس نے بھی شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران، ڈی پی او جہلم نے ٹریفک سٹاف کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات شروع کیے۔

انہوں نے ٹریفک قوانین کی آگاہی مہم کو مزید موثر بنانے پر زور دیا، خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں میں لین ڈسپلن کی پابندی اور کم عمر ڈرائیوروں کی حوصلہ شکنی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بازاروں میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت دی۔

شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بات کرتے ہوئے قائم مقام ڈی پی او جہلم نے کہا کہ ٹریفک کے حوالے سے شہریوں کے مسائل کا فوری حل نکالا جائے اور ان کے ساتھ اچھے اخلاق کے ساتھ پیش آیا جائے تاکہ بہترین اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

بعد ازاں قائم مقام ڈی پی او فیصل سلیم نے پولیس خدمت مرکز جہلم اور ٹریفک دفتر کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے دفاتر کے ریکارڈ اور عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور خدمت مراکز میں آنے والے شہریوں سے اچھے اخلاق سے پیش آیا جائے۔

قائم مقام ڈی پی او جہلم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے سرپرائز وزٹ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button